پیر، 4 مئی، 2015

ڈینگی سرکار اور اس کے مریدوں سے بچاؤ کا ٹوٹکہ

انڈین فلموں کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کا ایک مشہور ڈائلاگ تھا کہ ‘‘ سالا ایک مچھر آدمی کو ہیجڑا بنا دیتا ہے ‘‘ اس وقت تو شاید لوگوں کو اس فقرے کی سمجھ نہ آئی ہو مگر جب سے ہمارے ملک میں ڈینگی مچھر نے دھاوا بولا ہے ۔۔ بہت سوں کو اس کی سمجھ آ گئی ہے اور بہت سے تو مچھر کا نام سن کے خوف سے تھر تھر کانپنے بھی لگ جاتے ہیں ۔

لوگوں کی تو بات دور کی ٹھرتی ہے ہم بذات خود مچھر سے بڑا ڈرتے ہیں ۔ یہ ڈر ہمیں اس وقت سے پیدا ہوا جب ڈینگی سرکار نے لاہور میں پہلی دفعہ دھاوا بول کے ہمیں بھی اپنی لپیٹ میں لے کر ادھ موا کر دیا تھا۔تب سے اب تک ہم ایک ‘‘ عام مچھر ‘‘ ( ڈینگی سرکار کا مرید ) کو بھی جہاں دیکھ لیں ہمیں اس پر ڈینگی کا ہی گمان ہوتا ہے اور ہماری پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ سب کام چھوڑ کے پہلے اس کو پھڑکا دیں ۔۔۔ کیونکہ اگر ہم نے اس کو نہیں پھڑکایا تو یہ ہمیں پھڑکانے میں دیر بالکل نہیں لگائے گا ۔

دوسرے بہت سے سیانوں کی طرح ہم نے بھی مچھروں کو بھگانے کے لئے بہت سے ٹوٹکے آزمائے ہیں مگر سب بیکار ۔ ہزاروں روپے مچھر مار سپرے ، کوائل ، آئل ، کریم اور دیگر چیزوں پر ضائع کرنے کے باوجود شام پڑتے ہی یہ ‘‘ ڈھیٹ مچھر ‘‘ ہمارے کانوں میں کسی گندے اور غلیظ سیاستدان کی طرح بھوں بھوں کرنا شروع ہوجاتے ہیں ۔

lemon-02چند دن پہلے ہماری بچی نے کہیں سے پڑھا ہوا ہمیں ایک ٹوٹکہ بتایا جو کہ ‘‘ ایک عدد لیموں اور چند لونگ ‘‘ پر مشتمل تھا ۔پہلے تو ہم نے سوچا کہ یہ بھی بس ایویں ہی ہوگا ۔ ہم نے اتنی بڑی بڑی کیمپنیوں کے مہنگے مہنگے سپرے تک استمال کر لئے اس سے کچھ نہیں بنا تو بھلا اس سے کیا ہوگا ۔ پھر سوچا کہ چلو اس میں کونسا زیادہ خرچہ آتا ہے ، آزما لیتے ہیں ۔۔ سو لیموں والے ٹوٹکے کو آزمایا گیا اور شدید حیرت ہوئی کہ پوری رات میں ایک بھی مچھر کمرے میں نظر نہیں آیا۔

ایک عدد تازہ لیموں لیجئے اور اسے درمیان میں سے کاٹ کر دو ٹکڑے کر لیں ۔۔۔ کسی بھی ایک ٹکڑے پر چار یا پانچ لونگ لگا کر کمرے میں رکھ دیں ۔۔۔۔۔پُرسکون نیند سونے پر ہمیں دعائیں دیں کیونکہ اب آپ کے کمرے میں ڈینگی اور اس کے مریدین ( عام مچھر ) کا داخلہ ممنوع ہوچکا ہے ۔

7 تبصرے:

  1. کیا واقعی ایسا ہی ہے ؟
    گویا تجربہ کیا اور کامیاب پایا !

    جواب دیںحذف کریں
  2. جی محترم سر جی ۔۔۔بالکل ایسا ہی ہے ۔۔۔ مجھے تجربہ کرتے ہوئے آج پانچواں دن ہے ۔۔ میرے کمرے میں مچھروں کا نام و نشان تک نہیں ہے ۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. ایک عدد لیموں اور کچھ لونگ گوجرانوالہ سے گزرتے ہوئے پکڑاتے جائیے گا۔ سمجھ تے گئے ای او

    جواب دیںحذف کریں
  4. نجیب بھائی، مچھروں‌کو مجھ سے کچھ زیادہ ہی پیار ہے، جہاں محفل میں‌تین چار لوگ بیٹھے ہونگے یا کمرے میں‌دوسرے لوگوں کی صحبت ہوگی وہاں یہ سارے مچھر دوسروں‌کو چھوڑ کر مجھے چھومنے چاٹنے چلے آتے ہیں۔ اُن کی محبت اپنی جگہ لیکن جو تکلیف مجھے ہوتی ہے وہ بیان کرنے کے قابل نہیں۔ ساری چیزیں میں بھی آزما چکا ہوں اور آج کل تو دھوئیں بھرے کمرے میں سونا پڑرہا ہے مگر یہ پنکھا بند اور اُن کا حملہ شروع۔ انشاء اللہ آج آپ کی بتائی ہوئی بات پر عمل کروں گا۔ ہوسکتا ہے اس سے مچھروں کی محبت میں‌کچھ فرق پڑ جائے۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. سرکار دیر بڑی ہوگئی تھی ورنہ آپ کے ڈیرے پر حاضری کے بغیر ہم بھلا آگے کیسے جاسکتے تھے۔۔۔انشااللہ پھر کبھی سہی

    جواب دیںحذف کریں
  6. نعیم بھائی تبصرے کا شکریہ ۔۔۔ ضرور آزمائیں انشااللہ افاقہ ہوگا

    جواب دیںحذف کریں
  7. تو اس کا مطلب ہے کہ سالا ایک لیموں مچھر کو "الیکشن جیتا ہوا سیاستدان" بنا دیتا ہے

    جواب دیںحذف کریں